رائے پور:12/مئی(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ دھمتری ضلع میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے جوان نے خود کو گولی مار لی ہے۔نوجوان کے خود کشی کرنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔دھمتری ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ منیش شرما نے آج میڈیا کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ضلع کے نگری کے علاقے میں واقع میچکا گاؤں میں واقع سی آر پی ایف کے 211ویں بٹالین کے کیمپ میں کانسٹیبل جیون لال کلدیپ (38)نے اپنی سروس رائفل نے خود کو گولی مار لی ہے۔شرما نے بتایا کہ جیون لال آج سنتری ڈیوٹی پر تھا، ڈیوٹی کے دوران اس نے خود کو گولی مار لی،جب کیمپ کے دوسرے جوانوں نے فائرنگ کی آواز سنی، تو وہ جیون لال کی طرف بھاگے،انہوں نے دیکھا کہ جیون لال وہاں پڑا ہوا ہے۔پولیس افسر نے بتایا کہ جوانوں نے واقعہ کی اطلاع اپنے افسروں کو دی، اس کے بعد جیون لال کو اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔انہوں نے بتایا کہ جیون لال دھمتری ضلع کے سہاوا علاقے کا رہائشی تھا۔پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔